لاہور۔31مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے پیر کو ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر، اماراتی شاہی خاندان کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے برادر لوگوں کو عید کی مبارک باد دی اور ان کی مسلسل خوشحالی، امن اور ترقی کے لیے دعا کی۔
پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ ماہ ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا اور موجودہ پاکستان اماراتی تعلقات کو فائدہ مند اقتصادی اشتراک میں تبدیل کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی دیرینہ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے بھی گرمجوشی سے عید کی مبارکباد دی اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی اقدامات کے لیے متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577654