اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے ساتھ مل کر سابق وزرائے اعظم، سائنسدانوں، انجینئرز اور بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔بدھ کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ جب قوم یوم تکبیر منا رہی ہے، ہم اللہ تعالی کی بے شمار نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہیں ،اللہ تعالیٰ نے ہمیں حالیہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں ایک اور شاندار فتح سے نوازا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے کئی طاقتور ممالک کی شدید مخالفت کے باوجود 1998 میں اپنے جرأت مندانہ فیصلے سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا تھا، یوں اس تاریخی فیصلے سے پاکستان کو ایٹمی طاقت کا درجہ حاصل ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی دور اندیش قیادت پر خراج تحسین پیش کرنے میں قوم کے ساتھ شامل ہوں،
ہم اپنے سائنسدانوں اور انجینئرز کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پوری قوم کے وژن اور امنگوں کو حقیقت میں بدل دیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ تمام بیرونی اور اندرونی خطرات کے خلاف قوم کی سرحدوں کے دفاع کے غیر متزلزل عزم پر اپنی بہادر مسلح افواج کو سراہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اتحاد اور عزم کے اسی جذبے کے ساتھ ہم پاکستان کو ایک مضبوط معاشی طاقت بنانے کا عہد کرتے ہیں ۔