اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نےوزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ، جامعہ کراچی میں وین دھماکے سے متعلق معلومات حاصل کیں اور دو خواتین سمیت چینی باشندوں اور اور ڈرائیور کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
منگل کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے جامعہ کراچی میں دھماکے سے متعلق ابتدائی تفصیلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی،وزیر اعلیٰ سندھ نےوزیر اعظم کو یقین دلایا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں ہر طرح سے آپ کی مدد کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، اتحاد اور اجتماعی کوششوں سے ان کا قلع قمع کریں گے۔