راولپنڈی ۔14مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو پسرور چھاؤنی، سیالکوٹ کا دورہ کیا ۔ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور وزیر اطلاعات بھی موجود تھے۔ اس دورے کا مقصد "معرکہ حق” کے تحت "آپریشن بنیان مرصوص” میں فوج کے جوانوں کی غیرمعمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (نشان امتیاز ملٹری) بھی اس موقع پر موجود تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کو "معرکہ حق” کی تفصیلات اور کور کی موجودہ آپریشنل تیاریوں پر مفصل بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے "معرکہ حق” میں پاک افواج کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کے غیرمتزلزل عزم سے تقویت یافتہ پاکستان کی دلیر افواج نے مادر وطن کا بہترین انداز میں دفاع کیا اور دشمن کی بزدلانہ جارحیت کو فیصلہ کن جواب دیا۔
تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی کہ کس طرح چند گھنٹوں میں پاکستان کے محافظوں نے بھارت کی بلاجواز جارحیت کو بے مثال مہارت اور عزم سے خاک میں ملا دیا۔محاذ جنگ پر موجود افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ان کے بلند حوصلے، غیرمعمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مکمل تیاری کو سراہا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے ، یہ قوم کا فخر اور وقار ہیں۔انہوں نے بے گناہ شہریوں جن میں بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں، پر جارحیت کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ انہیں دہشت گرد کہنا بین الاقوامی قوانین، اخلاقیات اور ضابطوں کے سراسر منافی ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہماری طرف سے غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے دانستہ طور پر اس سے گریز کیا کیونکہ ان کے پاس کچھ ثابت کرنے کو نہیں تھا۔ غرور، تکبر اور جھوٹے بہانوں کی بنیاد پر جارحیت کی گئی
جس کا بہت موثر اور منہ توڑ جواب دیا گیا، الحمدللہ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔دورے کے آغاز پر چیف آف آرمی سٹاف اور کور کمانڈر گوجرانوالہ نے وزیراعظم کا پر تپاک استقبال کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597009