اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے جامعہ کراچی میں وین دھماکے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے ’’ آئرن برادرز‘‘پر وحشیانہ حملے پر صدمے اور غم کی حالت میں ہے، پاکستانی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے، واقعہ کی تیزی سے تحقیقات کریں گے اور مجرموں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کے دورہ کے موقع پر کیا ۔
وزیراعظم نے چین کی ناظم الامور پھینگ چنگ ژو سے ملاقات کی اور واقعہ پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کے لئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جامعہ کراچی میں وین دھماکے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیااور کہا کہ پورا پاکستان چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتا ہے، دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی ہے، مجرموں کی گرفتاری اور سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چینی باشندوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے جسد خاکی اور زخمیوں کی احترام سے گھروں کو واپسی کے لئے تمام انتظامات کریں گے، پاکستان میں چینی باشندوں اور اداروں کی سکیورٹی بڑھانے اور فول پروف بنانے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے جس میں انہوں نے کہا کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ بھی تھے۔