اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نےافغان دارالحکومت کابل میں تعلیمی مرکزمیں خود کش حملے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتےہوئے کہاہے کہ اس ظلم اور بربریت کو الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا، دہشت گردی کے بدلتے ہوئے خطرے کے خلاف عالمی تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
جمعہ کواپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کابل میں تعلیمی مرکز میں خودکش حملے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا اور سوگوار خاندانوں اور افغان عوام کے ساتھ دلی تعزیت اورہمدردی کااظہارکیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ جیسا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں بھی کہا تھا کہ دہشت گردی نہ صرف افغانستان اور پاکستان بلکہ دنیا کے لئے خطرہ ہے۔ دہشت گردی کےخطرے کے خلاف عالمی تعاون کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔