لاہور۔7جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعید الاضحیٰ کے موقع پر کویت کے ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عید کی مبارکبا د دی اوردوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ۔
اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے ساتھ ساتھ کویت کے برادر عوام کوبھی تہہ دل سے عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران امن اور مذاکرات کی حمایت میں کویت کے مضبوط اور متوازن موقف پر کویت کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا،عید الفطر کے موقع پر ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ولی عہد کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی انتہائی پُرخلوص دعوت کا اعادہ کیا جسے ولی عہد کویت نے قبول کر لیا۔
انہوں نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کی سہولت میں نرمی کرنے پر کویت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاجس سے کویت کو ہنرمند افرادی قوت کی درآمد کے ساتھ ساتھ عوام کے عوام کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں مدد ملے گی۔صباح الخالد الحمد المبارک الصباح نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کویت میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔