وزیراعظم شہبازشریف کو متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی،خاص طور پر بجلی،پٹرول اور مواصلات کے نظام کی بحالی پرتفصیلی بریفنگ

183
وزیراعظم شہباز شریف کو متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی، خاص طور پر بجلی، پٹرول اور مواصلات کے نظام کی بحالی پرتفصیلی بریفنگ

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کے وہ تمام 406 متاثرہ فیڈرز اگلے 24 گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گے جہاں سے سیلابی پانی اتر چکا ہے، انڈس ہائی وےاین ۔55 کے بعض علاقوں میں ابھی تک سیلابی پانی کھڑا ہے باقی تمام بڑی شاہراہیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔

جمعہ کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور امداد و بحالی کی موجودہ صورت حال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم کو متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی، خاص طور پر بجلی، پٹرول اور مواصلات کے نظام کی بحالی پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، سیکرٹری وزارت بجلی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایت کے عین مطابق وزارت کے تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں، اور سیلاب کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں آنے والے تعطل کو بحال کرنے کی کاوشوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں 07 کے علاوہ بجلی کے وہ تمام 406 متاثرہ فیڈرز اگلے 24 گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گے جہاں سے سیلابی پانی اتر چکا ہے۔

ان فیڈرز میں 04 پنجاب، 22 خیبرپختونخواہ، 90 سندھ اور 290 بلوچستان میں واقع ہیں۔چئیرمین این ایچ اے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ انڈس ہائی وے این ۔ 55 کے بعض علاقے جہاں ابھی تک سیلابی پانی کھڑا ہے کے سوا تمام بڑی شاہراہیں جن میں این ۔5 جی ٹی روڈ اور این ۔ 65 سکھر تا کوئٹہ روڈ شامل ہیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔

وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ این ایچ اے کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور بارشوں اور سیلابی پانی کی وجہ سے سڑکوں پر پڑے شگاف پر کرنے کا کام بڑی تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔چئیرمین پی ٹی اے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ملک کی تمام 51,733 موبائل کمیونیکیشن سائیٹس میں سے صرف 648 سائیٹس سیلابی پانی کے کھڑا ہونے کی وجہ سے اب تک بحال نہیں ہو سکیں، جو ان شاءاللہ اگلے 24 گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گی۔

وزیر اعظم نے ریلیف اور ریسکیو میں پیش پیش تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا، اور انہیں آفت زدہ علاقوں میں بسنے والے ہم وطنوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔