لاچین ۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی طور پر فائدہ مند شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے سٹریٹجک شراکت داری کو متنوع بنانے کے لئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیاہے۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، باہمی خوشحالی اور کلیدی بین الاقوامی امور پر اصولی مؤقف کو فروغ دینے کے لئے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیاہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے آذربائیجان کے لاچین شہر میں دوطرفہ ملاقات ہوئی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ، چیف آف دی آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات دونوں رہنماؤں اور ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاس ہے۔وزیر اعظم نے آذربائیجان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر علییوف اور آذربائیجان کے عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔
وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کا شکریہ ادا کیا اور برادر ملک آذربائیجان کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کو سراہا، بھارت کے خلاف معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابیوں پر آذر بائیجان میں جشن منایا گیا تھا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیا اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی طور پر فائدہ مند شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے سٹریٹجک شراکت داری کو متنوع بنانے کے لئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بہت جلد کی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ لاچین میں اس اجلاس کا انعقاد آذربائیجان کی استقامت اور بحالی کے سفر کی عکاسی کرتا ہے جو کہ دونوں ممالک کے لئے گہری علامتی اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، باہمی خوشحالی اور کلیدی بین الاقوامی امور پر اصولی مؤقف کو فروغ دینے کے لئے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان-آذربائیجان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ اور علاقائی سطح پر مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602115