اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے آل پاکستان نیوز پیپر سو سائٹی (اے پی این ایس) کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی این ایس نے ملک میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کے لئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، امید ہے نومنتخب عہدیدار میڈیا انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم نے ناز آفرین سہگل لاکھانی کو اے پی این ایس کا بلامقابلہ صدر، سرمد علی کو سیکرٹری جنرل، امتنان شاہد اور محمد اسلم قاضی کو نائب صدور، ایس ایم منیر جیلانی کو جوائنٹ سیکرٹری، شہاب زبیری کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اے پی این ایس نے ملک میں صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، میڈیا انڈسٹری کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے اے پی این ایس کے نومنتخب عہدیداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اے پی این ایس میڈیا صنعت کا اہم ستون ہے، امید ہے کہ نومنتخب عہدیدار میڈیا انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔