دوحہ۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور قطر نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ اور سٹرٹیجک تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دوحہ میں وفود کی سطح پر ملاقات کی ہے۔
قبل ازیں دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے وسیع معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک۔قطر تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے نئے ممکنہ تعاون پر بھی غور کیا گیا۔
فریقین نے مشترکہ اقتصادی اہداف اور علاقائی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سٹرٹیجک دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بالخصوص اسرائیل کی جانب سے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کی جنگ اور خطے میں کشیدگی میں اضافہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے 24 ستمبر 2024 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں سالانہ اجلاس کے دوران امیر قطر کی طرف سے پیش کئے گئے فلسطین کے معاملہ پر قطر کے موقف کو سراہا۔ انہوں نے فوری جنگ بندی کے لئے قطر کی ثالثی اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں قتل و غارت گری کےفوری خاتمے اور امن قائم کئے بغیر دنیا میں خوشحالی کا حصول ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی کی حالیہ بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے دوران فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے لئے مزید امدادی سامان کی ترسیل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ قطر دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مسلسل مضبوط ہونے والی شراکت داری اور تعاون کو وسعت دینے میں ایک اور سنگ میل ہے