وزیراعظم شہباز شریف کی انجینئر امیر مقام پر شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

268
شہباز شریف

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام پر شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ انجینئر امیر مقام حملے میں محفوظ رہے ہیں۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امیر مقام سے رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور یک جہتی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کوئی جانی نقصان نہ ہونے پر بھی اظہار تشکر کیا ۔وزیراعظم نے انجینئر امیر مقام سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے جذبے، بہادری اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ نوازشریف کے شیر ہیں، آپ کی عوامی، قومی اور پارٹی کے لئے خدمات کو سراہتے ہیں۔ واضح رہے کہ 2014 میں بھی اسی مقام پر امیر مقام پر خود کش حملہ ہوا تھا۔