اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ کے سد باب کے لئے قانونی فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے اورفیڈرل پراسیکیوشن ایکٹ 2023 پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلروں کی گرفتاری اور استغاثہ کے لئے درکار متعلقہ عملہ کا حصول تیز کیا جائے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انسانی سمگلنگ کے سدباب کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ کے سد باب کے لیے قانونی فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کرتےہوئے کہاکہ قانونی فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے کے لیے وزارت داخلہ وزارتِ قانون و انصاف سے تعاون کرے۔ وزیر اعظم نے فیڈرل پراسیکیوشن ایکٹ 2023 پر عمل درآمد تیز کرنے اور ایف آئی اے کو بیرون ملک انسانی سمگلروں کی جلد از جلد حوالگی کے لیے دفتر خارجہ کو انسانی سمگلروں کے خلاف تحقیقات میں جمع کردہ معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کا مکمل سد باب تمام اداروں کی مشترکہ کوشش اور تعاون سےہی ممکن ہے۔
وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری مجرموں کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے حکم دیا کہ انسانی سمگلروں کی گرفتاری اور استغاثہ کے لیے درکار افرادی قوت کا حصول تیز کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ مراکش سے تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 27 انسانی سمگلروں کی شناخت کر کے 5 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔