وزیراعظم شہباز شریف کی ایشیائی ترقیاتی بینک کےپروگرام کے تحت 1.5 بلین ڈالر کے قرض پر دستخط کی تقریب میں شرکت

202
وزیراعظم شہباز شریف کی ایشیائی ترقیاتی بینک کےپروگرام کے تحت 1.5 بلین ڈالر کے قرض پر دستخط کی تقریب میں شرکت

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پیرکو ایشیائی ترقیاتی بینک کے بلڈنگ ریزیلینس ود ایکٹو کاؤنٹر سائکلیکل ایکسپینڈیچر پروگرام کے تحت 1.5 ارب ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ترقیاتی شراکت داروں بالخصوص ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے بریس پروگرام کے تحت پاکستان کے لئے 1.5 بلین امریکی ڈالر کی بجٹ سپورٹ کی منظوری پر بینک کے بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے بینک کے صدر ماساتوگوآساتاواور ان کی پوری ٹیم کے حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مدد کرنے کو بھی سراہا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت میں کی جانے والی پوسٹ ڈیمیج نیڈز اسسمنٹ کے مطابق حالیہ سیلابوں سے پاکستانی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مستقل بحالی پر زور دیتے ہوۓ امید ظاہر کی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے 1.5 بلین ڈالر کا قرض پاکستان کی معاشی مشکلات کو کم کرنے میں مدد دے گا۔بینک کے نائب صدرشاکسن چئ نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اپنے اریمارکس میں انہوں نے کہا کہ بورڈ نے گزشتہ جمعہ کو رقم کی منظوری دی تھی۔

اس اقدام کا مقصد پاکستان کی معیشت کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔انہوں نے درمیانی اور طویل مدتی اقتصادی امکانات کو بہتر بنانے کے لئے موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات کو سراہا۔اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق،

ڈائریکٹر جنرل اے ڈی بی یوجین زوخوف کے علاوہ اے ڈی بی اور حکومت پاکستان کے اعلی حکام اس موقع پرموجود تھے۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کاظم نیاز اور بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ج یونگ یی نے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔