بیجنگ۔3ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی کو دریائوں میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے پیش نظر ریسکیو و امدادی کارروائیوں کیلئے پوری طرح تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم جو دورہ چین کے دوران بیجنگ میں موجود ہیں ، نے بدھ کو بیجنگ سے چیئرمین این ڈی ایم اے سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے صورت حال معلوم کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو پاکستان میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے راوی، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو دریائوں میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے پیش نظر ریسکیو و امدادی کارروائیوں کی تیاری قبل از وقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کر کے حفاظتی اقدامات اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے راوی، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے حوالے سے عوام کو پیشگی آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔