آستانہ۔4جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق آستانہ میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سیاسی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بیلاروس کی شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت پر صدر لوکاشینکو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تنظیم مزید مضبوط ہو گی۔
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور بیلاروس تعلقات کے تمام پہلوؤں میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدہ مند تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے بیلا روس کے صدر کو حکومت پاکستان کی برآمدات میں اضافہ، عوامی مالیات کی مضبوطی اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی بحالی کی پالیسی کے بارے بتایا۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت کام کے مختلف پہلوؤں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم خطے کے لئے پاکستان کی کوششوں اور خواہشات کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=481703