وزیراعظم شہباز شریف کی جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی مذمت

129
Prime Minister Shehbaz Sharif
Prime Minister Shehbaz Sharif

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈھاڈر، بولان پاس میں جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز بروقت کارروائی اور بہادری سے بزدل دہشتگردوں کو پسپائی کی جانب دھکیل رہی ہیں،بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،دہشت گردوں کا رمضان المبارک کے پر امن اور بابرکت مہینے میں معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کی واضح عکاسی ہے کہ ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار بہادری و پیشہ ورانہ مہارت سے ان کا سدباب کر رہے ہیں، دشوار راستوں کے باوجود آپریشن میں شامل سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں۔

سکیورٹی فورسز بروقت کاروائی اور بہادری سے بزدل دہشتگردوں کو پسپائی کی جانب دھکیل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار بہت جلد اس آپریشن میں کامیاب ہونگے اور بزدل دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے،بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشتگرد بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا رمضان المبارک کے پر امن اور بابرکت مہینے میں معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کی واضح عکاسی ہے کہ ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بد امنی و انتشار پھیلانے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے،ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔