وزیراعظم شہباز شریف کی خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی تعریف

122

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے خارجی سرغنہ سمیت چار خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور تین کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،دہشت گردی کے ملک سے خاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔