جیکب آباد۔24اگست (اے پی پی): وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سی 130 طیارہ ایران بس حادثے میں جاں بحق پاکستانی زائرین کی میتیں اور زخمی زائرین کو لے کر جمعہ کی شب جیکب آباد پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے شہر یزد میں بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 28 پاکستانی زائرین کی میتیں پاکستان ایئر فورس کے خصوصی سی 130 طیارے کے ذریعے شہباز ایئر بیس جیکب آباد لائی گئیں جہاں سے انہیں ورثاءکے حوالے کیا جائے گا۔ شہباز ایئر بیس پر جاں بحق پاکستانی زائرین کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی جس میں صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ، ایئر بیس پر موجود پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور لواحقین نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ شہباز ایئر بیس پر لواحقین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، زخمیوں کے لئے ایمبولینسیں اور شدید زخمیوں کے لئے ایئر ایمبولینسیں کا بھی انتظام موجود تھا۔ ایران بس حادثے میں 28 پاکستانی زائرین جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے تھے جن میں سے 14 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ میتوں کے ساتھ 15 زخمیوں کو بھی پاکستان لایا گیا ہے۔ قبل ازیں جاں بحق ہونے والے 28 پاکستانی زائرین کی یزد ایئر پورٹ پر بھی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ایرانی سپریم لیڈر کے نمائندہ، گورنر یزد اور پاکستانی سفیر سمیت ایرانی حکام نے شرکت کی۔
حادثے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متاثرہ خاندان سے ہر ممکن تعاون کی خصوصی ہدایات جاری کی۔ تہران میں پاکستانی مشن کو تمام ممکنہ اقدامات اور تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران میں پاکستانی قونصل خانہ کو صورتحال کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی اور پاکستانی قونصل خانے نے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی اور مقامی حکام سے رابطے اور میتوں کو پاکستان بھیجنے کے انتظامات کئے۔
یزد سے لاڑکانہ تک طویل فاصلے اور گرم موسم کی وجہ سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان ایئر فورس کا خصوصی سی 130 طیارہ میتوں کو لینے کے لئے ایرانی شہر یزد پہنچا تھا۔ دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے کے شہدا اور زخمیوں کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=496913