اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے علاقوں بکر آباد اور جمرود میں پولیو ٹیموں پر حملوں کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود انسداد پولیو مہم بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نےپولیو ٹیموں پر حملوں میں حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیااور شہداکے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر و استقامت کی دعا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک سے پولیو کے مرض کے خاتمے کی مہم کا حصہ بننے والے پولیو ورکز کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پولیو ٹیموں اور ان کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ تمام رکاوٹوں کے باوجود انسداد پولیو مہم بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی، ہم ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔