راولپنڈی۔5ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو راولپنڈی میں آرمی وار گیم کے اختتامی سیشن میں شرکت کی ۔ وزیراعظم کو حالیہ وارگیم اور پاکستان فوج کی تمام ممکنہ خطرات کے حوالے سے آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر دفاع، وزیر خزانہ، وزیر اطلاعات،آرمی چیف اور سینئر عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور خطے میں تزویراتی استحکام کے قیام اور جوہری جنوب ایشیا میں امن کے لیے طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں اپنی مسلح افواج کے کلیدی کردار کو سراہا۔
انہوں نے جارحیت کی صورت میں دشمن پر جوابی ضرب کو یقینی بنانے والے روک تھام کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدید حربی تصورات اور اصلاحات کی تعریف کی۔عسکری قیادت نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور یہ بات دہرائی گئی کہ پاکستان فوج موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ جاری رکھے گی۔