وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کے لئے خیموں اور دیگر امدادی اشیاء کی جلد از جلد ترسیل بارے جائزہ اجلاس

122

لاہور۔10مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی معینہ مدت میں روانگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ 2023 تک ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے 50 ہزار خیمے بھیجے جائیں گے، انہوں نے خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ترکیہ بھیجنے سے پہلے رینڈم چیکنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کے لئے خصوصی طور پر تیار کردہ خیموں اور دیگر امدادی اشیاء کی جلد از جلد ترسیل پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، وفاقی وزیر خزانہ ،وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر نے بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ 23 مارچ تک ترکیہ اور شام 34 پروازیں امدادی سامان لے کر جائیں گی، ان پروازوں میں سردی سے بچاؤ کے 50 ہزار خیمے، 38 ہزار کمبل ترکیہ اور 22 ہزار کمبل اور 10 ہزار راشن کے پیکٹ شام بھیجے جائیں گے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آج رات دو مال بردار طیارے 220 ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ (کل ) ہفتہ کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان نیوی کا دوسرا بحری جہاز سامان لے کر روانہ ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے ترکیہ اور شام کیلئے امدادی سامان کی معینہ مدت میں روانگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصونہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی،ترکیہ میں پاکستان کے سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزارت خزانہ نے معاشی مسائل کے باوجود امدادی سامان کی پیداوار اور ترسیل کے لئے درکار وسائل مہیا کئے جو قابل تحسین امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزارتِ خارجہ، وزارتِ اطلاعات و نشریات، اور ترکیہ اور شام میں تعینات سفراء کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کیلئے دل کھول کر عطیات جمع کرا رہے ہیں۔