اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب عوامی سطح پراسلامی بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں، پاکستانی اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب دورے کی تیاری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
پیر کو اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیرسمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر،وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عوامی سطح پراسلامی بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں، پاکستانی اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان تعلقات کو خاص طور پرروزگار، توانائی، فوڈ سیکورٹی اور طویل المدتی سٹرٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے موثر سفارشات مرتب کریں۔
واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دو طرفہ سٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔