وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کے حساس اضلاع میں انسداد پولیو کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس

57

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نےانسداد پولیو کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر مہم چلانے اور خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع بالخصوص شمالی و جنوبی وزیرستان اور بنوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایت پیر کو ملک کے حساس اضلاع میں انسداد پولیو کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، صوبائی چیف سیکریٹریز ، متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نےمتعلقہ حکام کوہدایت کی کہ وہ انسداد پولیومہم کو تمام ممکنہ وسائل بروۓئے کار لاتے ہوئے ۓ ہنگامی بنیادوں پر چلائیں تاکہ ملک سے اس ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا جا سکے۔انہوں نے اس سلسلے میں جنوبی خیبرپختونخوا کے اضلاع بالخصوص شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور بنوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے ان بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جن کو کسی وجہ سے اب تک ویکسین نہیں لگائی جاسکی۔انہوں نے عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ پولیو کے پھیلاؤ کو سختی سے روکا جا سکے۔وزیر اعظم نے پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈپٹی کمشنرز کو پاکستان کے قومی دن پر قومی ہیروز کے طور پر پذیرائی دینے کی ہدایات جاری کیں۔