وزیراعظم شہباز شریف کی قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو ،عید الاضحی’ کی مبارکباد

61
Prime Minister Shahbaz Sharif

لاہور۔8جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں اور قازقستان کے برادر عوام کو عید الاضحی’ کی مبارکباد پیش کی۔ اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کے علاوہ آنے والی مصروفیات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی گفتگو ہوئی اور انہوں نے صدر کو خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس سال کے آخر میں قازقستان صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں جس کے دوران کئی مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔قازقستان کے صدر نے عید کی مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن ان کے دورے سے پہلے آئندہ ماہ کے اوائل میں قازقستان کے وزیر خارجہ بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کی آئندہ ای سی او اور ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران ملاقات بھی متوقع ہے۔