اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے مربوط اور موثر اقدامات کیے ہیں ، فارما سیکٹر کی ترقی کے لیے معاون اور سازگار پالیسیوں کو نافذ کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساتویں سمٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ ڈاکٹر مختار حمد بھرتھ نے کہاکہ وزیراعظم ادویات سازی کے شعبے کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ، فارما سیکٹر کی ترقی کے لیے معاون اور سازگار پالیسیوں کو نافذ کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے،گذشتہ چند سالوں میں فارما انڈسٹری کی ترقی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے دواسازی کی مقامی پیداوار اور برآمدات دونوں میں واضح اضافہ دیکھا ہے ، پاکستان کی اندرون ملک 90 فیصد ضروریات مقامی فارما انڈسٹری سے پوری ہوتی ہیں ۔ فارماصنعت میں ہونے والی سرمایہ کاری کا حجم اربوں ڈالر ز ہے۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایکسپورٹ کو بڑھانے کےلئے مربوط اور موثر اقدامات کیے ہیں،فارما سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے موثر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا ہے۔
ڈریپ میں لائسنسنگ رجسٹریشن کے نظام کو آن لائن کیا ہے۔ ڈریپ میں بین الاقوامی معیارات کو اپنانے اور انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا،اعلیٰ اور معیاری ادویات سازی کے لئے ڈریپ بڑے پیمانے پر اصلاحات کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کی آٹومیشن کے نتیجے میں تیز تر اور شفاف کارروائیاں ہوئی ہیں ،ڈریپ میں زیر التوا درخواستوں کو نمٹا دیا گیاہے،
درخواست دہندگان کو اپنی درخواستوں پر کارروائی میں کسی تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہاکہ ڈریپ میں مزید 200 تکنیکی اسامیوں کی تشہیر کر رہے ہیں تاکہ ڈریپ میں کام کی رفتار کو مزیز تیز کیا جائے، عوام اور ملکی مفاد کے لیے حکومت اور فارما سیکٹرترقی کے سنگ میل کو حاصل کرنا چاہتے ہیں،بین الاقوامی معیارات کو اپنائے بغیر ترقی کے سنگ میل کو حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے،ہماری پالیسیوں کی حمایت کے لیے پی پی ایم اے کی کوششوں کو سرا ہتا ہوں ۔ ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہاکہ ہمیں ملک میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے حوالے سے بھی خوشخبری ملے گی ۔