لاہور۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی معیشت کو درست سمت پر گامزن کیا ،عوامی ریلیف کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے اور ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ باتیں اتوار کے روز لاہور میں معروف صوفی بزرگ حضرت مادھو لال حسین کے سالانہ عرس کے موقع پر چادر پوشی کی رسم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور کارکنان سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت حالیہ ہفتوں میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے، جس سے نہ صرف گھریلو صارفین کو فائدہ ہو رہا ہے بلکہ صنعتی پیداوار میں بھی بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے، ہم نفرت اور انتشار کی سیاست کا خاتمہ کر کے اتحاد، بھائی چارے اور استحکام کو فروغ دیں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازصوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا رہی ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے حضرت مادھو لال حسین کے مزار پر چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی، ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔