وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پاکستان کو معاشی و سیاسی مشکلات سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے،وزیراعظم کے مشیرامیر مقام

112
وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے پاکستان کو معاشی و سیاسی مشکلات سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی ہے، مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام کا ورکرز کنونشن سے خطاب

پشاور۔ 03 جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پاکستان کو معاشی و سیاسی مشکلات سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے،عوام 9 اور 10 مئی کو پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں، ان کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مردان جلالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا گیارہ سو ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے تاریخی کسان پیکیج کی بدولت ملک میں روساں سال ریکارڈ دو کروڑ 75 لاکھ ٹن گندم کی تاریخی پیداوار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کو مہنگائی کاپور احساس ہے اور انشاء اللہ اس پر جلد قابو پا لیں گے، خیبرپختونخوا کے عوام کو سستا اور بروقت آٹا فراہم کرنا وزیراعظم شہباز شریف کا ہی کارنامہ ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پوری قوم اپنے اداروں اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان پر فخر کرتی ہے، اپنے شہداء اور غازیوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پاکستان میں دوبارہ خوشحالی اور ترقی کیلئے نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کو موقع ملا تو پنجاب کی طرح میٹرو اور گرین لائن بسیں چلا دیں گے، مسلم لیگ (ن)کےپاس اسحاق ڈار اور احسن اقبال کی صورت میں بہترین معاشی اور اقتصادی ٹیم موجود ہے۔

مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ تحصیل تخت بھائی میں جلد پاسپورٹ دفتر کا افتتاح کریں گے جو علاقے کی عوام کیلئے خصوصی تحفہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمشید خان مہمند میرا وہ بھائی ہے جس نے اپنے علاقے کی حقیقی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ دو ارب روپے کی لاگت کے گیس کے منصوبے پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے درمیان میں ہی بند کروا دیے مگر ہم اسے مکمل کر کے دم لیں گے۔ امیر مقام نے تحصیل تخت بھائی کیلئے کئی نئی سڑکوں کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ جلسے سے سابق ایم پی اے جمشید خان مہمند، تحصیل تخت بھائی کے صدر میاں عبدالرحمان اور دیگر نمایاں شخصیات نے بھی خطاب کیا۔