وزیراعظم  شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمن کے گھر آمد ، حملہ میں کارکنوں کی شہادت پر اظہار تعزیت

158

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمعیت کے ورکرز کنونشن پر حملہ پاکستان کی جمہوریت پر حملہ ہے، واقعہ کے ذمہ داران کی جلد نشاندہی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف جمیعت علماء اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے گھر گئے اور خار، باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن حملے پر ان سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ پر پوری قوم اشکبار ہے، جمعیت کے ورکرز کنونشن پر حملہ پاکستان کی جمہوریت پر حملہ ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کر دی ہیں، واقعہ کے ذمہ داران کی جلد نشاندہی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔اس موقع پر وفاقی وزراء بلاول بھٹو رزداری، اسحاق ڈار، مولانا اسعد محمود، خرم دستگیر خان، سردار اسرار ترین، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی، وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اور رکن قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی بھی موجود تھے۔