اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق خاتون کے اہل خانہ اور زخمی افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے دھماکے میں ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام صوبے امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی انتظامات میں بہتری لائیں۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے لئے وفاق اور صوبوں میں اشتراک عمل موثر بنایا جائے۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔