وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت، وزارت داخلہ کے سابق وزیراعظم عمران خان کی فُول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے اقدامات

55
Ministry of Interior
Ministry of Interior

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے سابق وزیراعظم عمران خان کی فُول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کوسابق وزیراعظم کیلئے مقررسکیورٹی فورسز کی تعیناتی پرمکمل عملدرآمد کیلئے کہا گیاہے۔ پیر کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی کیلئے پولیس اورایف سی کے 94اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے 22 جبکہ ایف سی کے 72 اہلکار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا پولیس کی طرف سے 36، گلگت بلتستان پولیس کے 6 اہلکاران کو بھی ان کی متعلقہ حکومتوں کی جانب سے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کیلئے تعینات کیاگیاہے۔ایس ایم ایس سکیورٹی کمپنی کے 26اورعسکری سکیورٹی کمپنی کے 9 اہلکار بھی بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی پر مامورہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی دارالحکومت اسلام آباد سے باہرموومنٹ کے دوران اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں اور23 اہلکار جبکہ رینجرر کی ایک گاڑی اور5 اہلکاران کے ساتھ ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں۔وزارت داخلہ کے زیرنگران تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی سابق وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی سے متعلق معاملات کامسلسل جائزہ لے رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس سلسلے میں واضح ہدایات دے رکھی ہیں۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے پاس اگرکوئی مخصوص اطلاع ہے تو وہ اسے وزارت داخلہ سے ضرورشئیر کریں تاکہ ان کے لئے سکیورٹی کے مزیدانتظامات کئے جا سکیں ۔

گذشتہ چند روز سے سابق وزیراعظم عمران خان عوامی اجتماعات میں اپنی جان کوممکنہ خطرات سے متعلق خدشات کااظہار کررہے ہیں۔بطور سابق وزیراعظم ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی جان کو لاحق ممکنہ خطرات ،سازش اور دیگر معاملات سے وزارت داخلہ اورمتعلقہ اداروں کوآگاہ کریں۔وزارت داخلہ،سابق وزیراعظم عمران خان سے حاصل شدہ معلومات اورشواہد کی روشنی میں مزید اقدامات کرے گی۔