وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ قطر سے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوگا ،حافظ طاہر محموداشرفی

251

لاہور۔22اگست (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات، دو بھائیوں کے تعلقات ہیں۔ یہ محبت اوراخوت کے تعلقات ہیں، لاکھوں پاکستانی قطر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور وہ قیمتی زرمبادلہ کا بڑا ذریعہ ہیں، اسی طرح خلیجی ممالک اور یورپ اور دنیا کے کونے کونے میں موجود پاکستانی خواہ وہ لیبر ہو یا ہنر مند تعلیم یافتہ پاکستانی، سبھی اپنی خدمات کے ذریعے پاکستان کا نام بھی روشن کررہے ہیں۔

یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق لاہور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد کی وجہ سے پوری دنیا کی نظریں اس وقت قطر پر مرکوز ہیں اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف قطر کا دورہ کر رہے ہیں اور دورے کی دعوت قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دی ہے، ہمیں امید ہے کہ اس دورے سے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوگا اور دونوں ملکوں کے درمیان شعبہ جاتی تعاون بھی بڑھے گا۔

یہ وزیراعظم شہباز شریف کا پہلا دورہ قطر ہوگا۔ دورے کے دوران وزیراعظم قطری قیادت کے ساتھ مختلف امور پر مشاورت کریں گے۔ دونوں فریقین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے۔ خاص طور پر قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم دوحہ میں قطری اور پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔