وزیراعظم عمران خان اصول پسند لیڈر ہیں ،وہ کسی قیمت پر بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے عمل پر اپنے اصولی موقف پر سمجھوتہ نہیں کریں گے،شہریار خان آفریدی

69

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اصول پسند لیڈر ہیں اور وہ کسی قیمت پر بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے عمل پر اپنے اصولی موقف پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں اور ملک کی مضبوطی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان جیسے حقیقی لیڈر کے سامنے بدعنوان افراد کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سیاست بلیک میلنگ پر منحصر نہیں ہے، تحریک انصاف حکومت کو منتخب شدہ بلیک میلرز سے کسی قسم کا کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی کسی دبائو کا سامنا ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ حکومت جب بھی قومی مفادات سے متعلق معاملات پر اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کرتی ہے تو تمام بدعنوان عناصر اکٹھے ہو کر این آر او کا مطالبہ کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کسی بھی صورت بدعنوان عناصر کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو پھر دعوت دی کہ آگے بڑھیں اور حکومت کے ساتھ مل کر مافیا کے خلاف آواز اٹھائیں، حکومتی کاوشوں کی بدولت ملک اصل منزل مقصود کو حاصل کرنے کیلئے صحیح سمت کی جانب گامزن ہے۔

شہریار آفریدی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مافیا وزیراعظم عمران خان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں لیکن وہ اپنے اس سارے ڈرامے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، اپوزیشن جماعتیں مافیا کی پشت پناہی کر رہی ہیں تاہم موجودہ حکومت ملک سے مافیا کے خاتمے کیلئے کسی بھی حد تک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام پارلیمنٹیرینز اور سیاسی جماعتوں کے تحفظات سننے کیلئے تیار ہے لیکن انہیں بھی چاہیے کہ وہ اپنے رویے میں تبدیلی لائیں۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار آفریدی نے کہا کہ ملک کے ہر شہری کیلئے انصاف کے نظام میں تیزی کو یقینی بنانے اور بدعنوانی کیسز کو مقررہ وقت تک منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نیب اورعدلیہ قوانین میں ترامیم ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ملک میں پائیدار ترقی اور مستحکم معاشی ترقی کیلئے قانون کی بالادستی، انصاف، انسانی وسائل کی ترقی پر سرمایہ کاری اور سماجی معاشی خود مختاری پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔