وزیراعظم عمران خان اقتصادی استحکام لانے کے لیے کرپشن کے خاتمہ کے لیے پرعزم ہیں، ندیم افضل چن

63

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقتصادی استحکام لانے کے لیے ملک سے کرپشن کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے ا کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومتوں نے بدعنوان عناصر کے احتساب کے لیے کچھ بھی نہیں کیا کیونکہ ان کے رہنما خود کرپشن میں ملوث تھے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اومنی گروپ جس نے سندھ کے کسانوں کو لوٹا اس کے اکاﺅنٹس میں رقم منتقلی کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کریں۔ ترجمان وزیراعظم نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی کیوں انور مجید کو اومنی گروپ کی بدعنوانی کے بارے میں بات کرنے کی اجازت نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہت سی سیاسی جماعتوں میں احتساب کا نظام موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھارتی جارحیت سمیت دیگر قومی معاملات پر کوئی قابل فہم بیان نہیں دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے قوانین میں ترامیم لانے کا سیاسی جماعتوں کے پاس بہت اہم موقع ہے۔