نیویارک ۔ 25 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کے صدر دفتر پہنچ گئے۔ وہ یہاں نفرت پھیلانے والی تقاریر روکنے کے موضوع پر منعقدہ اعلیٰ سطحی گول میز مباحثہ میں حصہ لیں گے۔ پاکستان اور ترکی اس گول میز مباحثہ کی مشترکہ میزبانی کر رہے ہیں۔ ترکی کے صدر طیب اردوان بھی اس موقع پر موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے نفرت انگیز تقاریر اور اسلامو فوبیا کے خلاف موثر اقدامات پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امتیازی سلوک، مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان دونوں مسائل سے نمٹنے کے لئے ان کی وجوہات کا حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے آزادی ءاظہار رائے کے نام پر مقدس ہستیوں کے خاکے بنانے کی ناپاک جسارتوں کے حوالے سے خبردار کیا کہ کسی بھی کمیونٹی کے جذبات کو مجروح کرنے سے انتہاءپسندی جنم لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔