اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) کینیڈا میں ڈیم کیلئے چندہ مہم نے شوکت خانم ہسپتال کی چندہ مہم کی یاد تازہ کر دی۔ وینکوور میں وطن سے محبت میں ایک بچی نے اپنی بالیاں سینیٹر فیصل جاوید کے حوالہ کر دیں، آئی ایم پاکستان کے سربراہ احمد سیّد نے بالیوں کی قیمت ادا کر دی، سینیٹر فیصل جاوید نے بالیاں بچی کو واپس کیں۔ منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق وینکوور میں تقریب کے دوران ایک بچی نے کہا کہ میرا زیور بیچ کر رقم ڈیم کی تعمیر میں لگائی جائے۔ اس موقع پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چئیرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آپ کا جذبہ ہمارا سرمایہ ہے، آپ اپنی صلاحیتوں سے وطن کی تعمیر میں حصہ لیجئے گا، آپ کا جذبہ ایثار مثالی اور پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے، جس قوم کے پاس آپ جیسے نونہال موجود ہوں اسے کوئی مات نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر میں بھی ہمارے طلباءو طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، شوکت خانم کی طرح ڈیم بھی بنے گا اور پاکستان پانی و بجلی میں خود کفیل ہو گا۔ سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور دیگر پارٹی کارکنان کی شرکت قابل تحسین ہے، ہم یہاں کسی سیاسی جماعت سے تعلق سے بالاتر ہو کر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا سنگین بحران ہے، اس کے حل کےلئے بڑے ڈیمز بنانا ضروری ہے، پانچ سے 9 سال کے عرصہ میں دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر مکمل ہو گی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان سالانہ 22 ارب ڈالر کا پانی ضائع کر دیتا ہے کیونکہ ہمارے پاس پانی ذخیرہ کرنے کے ڈیم نہیں، ڈیم بننا بہت ضروری ہیں اس سے سستی بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک حوصلہ مند قوم ہے، بیرون ملک پاکستانی ملک کےلئے زیادہ درد رکھتے ہیں، شوکت خانم میموریل ہسپتال بھی بیرون ملک پاکستانی چلا رہے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ ڈیم فنڈ میں روزانہ ساڑھے 5 کروڑ روپے آ رہے ہیں، پاکستانی دنیا میں سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں کیونکہ جن کو چیئرٹی د یتے ہیں ان پر اعتبار کرتے ہیں لیکن پاکستانی سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نہ دینے کی وجہ ماضی کی حکومتوں پر بے اعتباری ہے، دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کےلئے حکومت نے مالی حکمت عملی تیار کر لی ہے، پانچ سے 9 سال کے عرصہ میں دونوں ڈیم تیار ہو جائیں گے، وزیراعظم عمران خان اللہ کے فضل سے ناممکن کو ممکن بنانا جانتے ہیں۔ تقریب میں اظہار خیال کر تے ہوئے سکھ رہنما غوثل سنگھ نے کہا کہ مجھے جب کہا گیا کہ عمران خان کے نام کی تقریب ہے تو میں نے دل کھول کر مدد کی، عمران خان پاکستان سمیت دنیا بھر کی شان ہے، عمران خان کو مزید 10 سال کےلئے پاکستان کا وزیراعظم دیکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کےلئے ایسی ہرتقریب میں ہر سال عطیات دوں گا۔ سکھ رہنما نے ڈیم فنڈ کےلئے 10 ہزار ڈالر کا عطیہ بھی دیا۔ وینکوور میں تقریب کے دوران ڈیم فنڈز کیلئے 3 لاکھ ڈالرز جمع ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان کے دستخط شدہ بلے 26000 ڈالرز میں نیلام ہوئے۔ عاصم علی اور محمد یحییٰ نے بلے خریدے۔ اس مہم کے دوران کینیڈا کے مختلف شہروں سے اب تک اڑھائی ملین ڈالرز جمع ہوئے ہیں۔ اس حوالہ سے وینکوور سے پہلے مونٹریول، ٹورنٹو، اوٹاوہ، ایڈمنٹن اور کیلیگری میں بھی تقاریب منعقد کی گئیں ۔