وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کی ٹیلی فون پر گفتگو، انسداد پولیو مہم، کووڈ۔19 سے پیداہونے والے صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے پاکستان کے اقدامات پر تبادلہ خیال

62

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان اور بل اینڈ ملنڈاگیٹ فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملک میں پولیو کے خاتمہ کے لئے جاری مہم اور کووڈ۔19 سے پیداہونے والے صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے پاکستان کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں پسماندہ افراد کی معاشی و سماجی ترقی اور بالخصوص صحت کی خدمات تک عالمگیر رسائی کے فروغ اور متعدی امراض کی روک تھام کےلئے بل اینڈ ملنڈا گیٹ فائونڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے فائونڈیشن کی شراکت داری پر اظہار تشکر کیا۔

وزیرا عظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پولیو کاخاتمہ حکومت کی اہم قومی ترجیح ہے اور کورونا وبا کے چیلنج کے باوجود ملک بھرمیں انسداد پولیو مہم کو مزید تیز کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ رواں ماہ 7 سے 11 جون تک ملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے خصوصی مہم کاانہوں نے ذکر کیا جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 33 ملین بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔

وزیر اعظم نے ملک میں پولیو وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں بھر پور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام شراکت داروں کے تعاون سے پولیو کا جلد خاتمہ کردیاجائے گا۔ بل گیٹس نے اس قومی مقصد کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو پر قابو پانے کے سلسلہ میں پیشرفت حوصلہ افزا ہے اور اس سلسلہ میں بھر پور کوششیں پولیو کے پھیلائو کو روکنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ وزیر اعظم نے ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

انفارمیشن ٹکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبہ میں پاکستان کی صلاحیت اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے مائیکرو سافٹ کو پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لئے کہا ۔ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ رواں ماہ کے اوائل میں پولیو کے خاتمہ عالمی اقدام کے حوالے سے پولیو اور سائٹ بورڈ کے وفد کے پاکستان کے دورے کے بعد کی صورتحال کا تسلسل ہے اور بورڈ کے وفد نے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور وزیراعظم نے پولیو کے خاتمہ سے متعلق قومی ٹاسک فورس کا اجلاس بھی منعقد کیا تھا۔ پولیو کے خاتمہ کے لئے عالمی اقدام کی نئی حکمت عملی کا آغاز رواں سال 10 جون کو ایک عالمی ورچوئل کانفرنس میں کیاگیا جس میں پاکستان کی طرف سے بھی اعلیٰ سطح پر شرکت کی گئی۔