اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان اور عرب جمہوریہ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے ٹیلیفون پر فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اعلی سطحی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
بدھ کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے فلسطین میں اسرائیل کی بربریت بند کرانے کے لئے مصر اور اس کی قیادت کے اہم کردار کو سراہا۔ بے گناہ فلسطینیوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین کے فوری اور منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو فلسطینیوں کے لئے کھلی جیل قرار دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کی مکمل واپسی اور فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت دینے سمیت ان کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق دو ریاستی حل کے طور پر ایک آزاد، فعال اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
وزیراعظم نے مسلم امہ کے درمیان یکجہتی اور مسلمانوں اور بالخصوص غیر ملکی قبضے کے شکار مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے او آئی سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے اجتماعی سوچ اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ فلسطینی عوام کی آواز اٹھانے کے لئے پاکستان کی حالیہ کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مصر کے صدر نے وزیراعظم عمران خان کو مصر کے دورے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اعلی سطح کے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔