وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کےمفادات ایک ہیں، وہ ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال سے اپوزیشن کی سیاست ختم ہو جائے گی،فیصل واوڈا

55

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کےمفادات ایک ہیں، وہ ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیراعظم عمران خان کے بیرون ممالک کوئی اثاثے نہیں اسلئے کوئی انہیں بلیک میل نہیں کر سکتا، عمران خان ہمیشہ وہ فیصلہ کرتے ہیں جو ملک کے مفاد میں ہو، انتخابات میں دھاندلی اپوزیشن جماعتوں کا کلچر رہا ہے، ان لوگوں کو پتا ہے کہ اگر انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ٹیکنالوجی استعمال کی گئی تو ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گی اسلئے یہ لوگ قانون سازی سے بھاگ رہے ہیں۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، وزیراعظم عمران خان کا امریکہ کو اڈے نہ دینا جرات مندانہ فیصلہ ہے اور پوری قوم کو اس پر فخر ہے، حکومت کا کام ہے پالیسی بنانا اور اس پر عمل درآمد کرانا اداروں کا کام ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ٹھس ہو گئی ہے اب اپوزیشن کی باتوں میں دم نہیں، یہ لوگ ذاتی مفادات کو تحفظ دینے اور اپنی چوری بچانے کیلئے اے پی سیز کرتے ہیں اسلئے عوام نے انہیں پہلے بھی مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی مسترد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے، جب حکومت ملکی اور عوامی مفاد کیلئے قانون سازی کرنا چاہتی ہے اور اپوزیشن ذاتی مفاد کیلئے قانون بنوانا چاہے تو پھر آرڈیننس لانا مجبوری ہوتی ہے، ملک کے مفاد کیلئے بات چیت کا راستہ ہر وقت کھلا ہے، اپوزیشن پارلیمنٹ آئے، اصلاحات اور قانون سازی کیلئے مناسب تجاویز دے ہم ان کی جائز تجاویز کی حمایت کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی سالانہ اربوں ڈالر زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو سپورٹ کرتے ہیں، انہیں ملکی سیاست میں ووٹنگ کا حق ملنا چاہیے، سمجھ نہیں آتی کہ اپوزیشن کیوں مخالفت کر رہی ہے۔

پرویز الہی کی آصف علی زرداری کی ملاقات کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ق لیگ سمیت تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی تھیں اور آگے بھی کھڑی رہیں گی، وہ کبھی حکومت کو دھوکہ نہیں دیں گی۔ احسن اقبال کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، احسن اقبال کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے، انہیں حساس معاملے پر غیرضروری بیان بازی کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات افسوسناک ہیں، جنسی زیادتی کے واقعات جہالت کی وجہ سے پیش آتے ہیں، اس معاملے پر قومی یک جہتی کی ضرورت ہے اور زیادتی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دینی چاہییں۔