لاہور۔13دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اہم سیاسی و انتظامی عہدیداران ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کو صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
وزیراعظم پنجاب میں نیا پاکستان صحت کارڈ پروگرام کا اجرا کریں گے۔ وزیراعظم کے فلاحی ریاست کے وژن اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا کے بعد صوبہ پنجاب کی مکمل آبادی کو علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کرنے کے لیے صوبے بھر میں ہر خاندان کو نیا پاکستان صحت کارڈ فراہم کیا جائے گا۔
نیا پاکستان صحت کارڈ سے ہر خاندان مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے تک کےعلاج کی سہولیات سے مفت مستفید ہو سکے گا۔ علاج معالجے کی سہولیات میں کینسر، گردوں کی پیوندکاری، دائمی بیماریوں، تھیلیسیمیا، ذیابیطس کی پیچیدگیوں، امراضِ قلب، اعصابی نظام کی جراحی، اعضا کے ناکارہ ہونے اور حادثات کی صورت میں علاج بھی شامل ہے۔ وزیراعظم اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔