اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شریف فیملی ملکی عدالتوں کے سامنے اپنی آمدنی کے ذرائع پیش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی 60 سالہ آمدنی کے ذرائع کے حوالے سے ساری تفصیلات عدالت میں جمع کرائی تھیں، شریف فیملی نے جعلی اکائونٹس کے ذریعے غیرقانونی دولت بیرون ممالک بھیجی اور جائیدادیں بنائیں۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نواز شریف کے ضامن ہیں لیکن اب وہ بھی ملک سے بھاگنا چاہتے ہیں، نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک گئے تھے تاہم ابھی تک کسی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کو ملک میں بدعنوانی کیسز کا سامنا ہے، شریف برادران اور ان کا پورا خاندان ہمیشہ کیسز کو التواءکا شکار کرنے کیلئے تکنیکس استعمال کرتا رہا ہے، مسلم لیگ ن کو قومی خزانے کو لوٹنے کی عادت ہے جیسا کہ اس کے قائدین اپنے دور حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ وعدہ ہے کہ وہ قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو چھوڑیں گے اور نہ ہی بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جب بھی نئے شواہد ملیں تو کرمنل کیسز دوبارہ کھل سکتے ہیں اسی طرح شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ پیپرملز کیس دوبارہ کھولا جا سکتا ہے، شریف فیملی کو پہلی مرتبہ حقیقی معنوں میں احتساب کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت کے دوران پاکستان گرے لسٹ میں گیا تھا تاہم امید ہے کہ تحریک انصاف حکومت کی معاشی ٹیم کی انتھک کوششوں کے نتیجہ میں پاکستان گرے لسٹ سے باہر نکل آئے گا۔
ایک اور سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبے کے حوالے سے تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور جلد ہی اصل حقائق سامنے آ جائیں گے، غلام سرور خان اور سید ذوالفقار علی بخاری کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔