اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان تحمل کے ساتھ اپنا گیم پلان لے کر آگے چل رہے ہیں، وزیراعظم کے پاس بے شمار ایسے کارڈ موجود ہیں جو وہ وقت آنے پر استعمال کریں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ضمیر خریدے جائیں اور سندھ ہائوس کو نیلام گھر بنایا جائے، ایسی چیزوں کا بھی تدارک ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے کیرئیر میں ساری زندگی مقابلہ کیا ہے، ان سے بہتر کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، یہ تربیت عمران خان نے کھیل کے میدان میں حاصل کی ہے، اسی وجہ سے اپوزیشن ڈپریشن کا شکار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تحمل کے ساتھ اپنا گیم پلان لے کر آگے چل رہے ہیں، وزیراعظم کے پاس بے شمار ایسے کارڈ موجود ہیں جو وہ وقت آنے پر استعمال کریں گے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ جب سے انہوں نے عدم اعتماد جمع کرائی ہےوزیراعظم کے ساتھ عوام کی حمایت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہونے جارہا ہے، سب کونظر آجائے گا کہ وزیراعظم عمران خان کو کتنی عوامی سپورٹ ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ساڑھے تین سال سے اتحادیوں کو بہتر انداز سے ساتھ لے کر چلیں ہیں، اتحادی آئندہ بھی ساتھ ہی ہوں گے، سیاسی استحکام ہو یا معاشی استحکام یہ سب تسلسل سے ممکن ہے، ایک کروڑ 70لاکھ ووٹرز نے پی ٹی آئی کو 5 سال کے لئے مینڈیٹ دیا ہے،یہ نہیں ہوسکتا کہ ضمیر خریدے جائیں اور سندھ ہائوس کو نیلام گھر بنایا جائے، ایسی چیزوں کا بھی تدارک ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال سے اپوزیشن کا بنیادی ایشو ہی این آر او تھا، اگر اپوزیشن کے ساتھ آج بیٹھنا ہوتا تو ہم پہلے ہی بیٹھ جاتے،اپوزیشن کو این آراودیتے تو بلیک میلنگ کا سامنا نہ کرنا پڑتا، اپوزیشن نےملکی بہتری کے لئے بات کرنا ہوتو ہوسکتی ہے اگر یہ کہا جائے کہ کیسز ختم کئے جائیں تو یہ نہیں ہوسکتا ۔
C