وزیراعظم عمران خان تین روزہ پاکستان پراپرٹی، کنسٹرکشن و ہائوسنگ ایکسپو 2021 کا افتتاح کل جمعہ کو کریں گے

141

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان تین روزہ پاکستان پراپرٹی ،کنسٹرکشن و ہائوسنگ ایکسپو 2021 کا افتتاح کل جمعہ کو کریں گے۔ کانفرنس کا اہتمام ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد نے کیا ہے۔ یہ ایکسپو پاک۔چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں ہو گی اور اس سے ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں کاروباری اور سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

نمائش میں تعمیراتی صنعت پر خصوصی توجہ مرکوز ہو گی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ موجودہ حکومت نے تعمیراتی صنعت اور معاشی ترقی میں 50 سے زائد منسلک شعبوں کے اہم کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایمنسٹی پیکیج کا اعلان کیاتھا جس سے ملک میں بڑے تعمیراتی منصوبے شروع کرنے میں مدد ملے گی۔

بڑے تعمیراتی منصوبوں سے نہ صرف ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں بلکہ تمام شعبے بھی ترقی کر رہے ہیں۔ کاروبار میں آسانیوں سمیت حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے اقتصادی اشاریوں میں برآمدات ، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر میں اضافہ اور کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی کے ذریعے مثبت رجحان نظر آ رہا ہے۔

دریں اثنا ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد تین روزہ نمائش کا اہتمام کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے نیا پاکستان ہائوسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی قومی اہمیت کی اس نمائش میں معاونت کر رہی ہے۔

نمائش میں رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ، مارکیٹنگ اور تعمیراتی شعبوں کی 100 سے زائد کمپنیوں کو مدعو کیا گیا ہے اور تمام بڑے ڈویلپرز اور بلڈرز نے 250 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری اور مشترکہ طور پر 10 لاکھ ہائوسنگ یونٹس کی تعمیر کا عزم ظاہر کیا ہے جس سے وزیراعظم کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں مدد ملے گی۔