وزیراعظم عمران خان دنیا میں جہاں بھی جاتاہے وہاں پاکستانی قوم کاسرفخرسے بلند ہوتا ہے ،وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

52

راولپنڈی۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دنیا میں جہاں بھی جاتاہے وہاں پاکستانی قوم کاسرفخرسے بلند ہوتا ہے جس طرح کشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام نے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیا اسی طرح ملک بھر میں کنٹونمنٹ کے انتخابات میں عمران خان اور پی ٹی آئی کو فتح حاصل ہوگی اور 2023میں بھی عوامی فیصلہ عمران خان کے حق میں ہوگا،ملک میں یکساں نصاب سے غریب کا بچہ بھی آفیسر بنے گا،میاں نواز شریف کو کرپشن کی وجہ سے نکالا گیا۔

ان خیالات کا اظہار مراد سعید نے جمعہ کی شب راولپنڈی میں سیاسی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزارت انسداد منشیات کے پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق،رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی،صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،ایم پی اے عمر تنویربٹ، پی ٹی آئی کے راہنما عامر محمود کیانی اور دیگر مقامی راہنماوں اورکارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخرتک پنجاب کے ہرخاندان کے پاس صحت کارڈ موجود ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم کولازمی قرار دے دیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نہ کھاتا ہے اور نہ کھانے دیتا ہے بلکہ کھایا ہوا بھی نکلواتا ہے،پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کا آغازکردیاہے اوروفاق کے علاوہ پنجاب سے بھی کنٹونمنٹ کے منصوبوں کے لیے فنڈز دیاجائے گا کیونکہ 12ستمبرانتخابات کا نہیں بلکہ ترقیاتی کاموں کا آغاز کا دن ہوگا۔

راولپنڈی کی عوام صرف عمران خان کوووٹ دے.پنجاب اسمبلی کے رکن عمر تنویر بٹ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ آج کا یہ جلسہ الیکشن سے قبل ریفرنڈم ہےاورراولپنڈی کینٹ سے دونوں بھائیوں کی منفی سیاست ختم کر دیں گے۔