وزیراعظم عمران خان دورہ گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اور میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

59

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کل پیر کو گوادر کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اور دیگر میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے اراکین بھی ہوں گے ، توقع ہے کہ دورے کے دوران کئی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے جن میں بلوچستان کے لئے سولر جنریٹرز گرانٹ اور 12لاکھ گیلن روزانہ پانی صاف کرنے کا پلانٹ شامل ہے ۔

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق وزیراعظم کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی اس موقع پر وہ متعلقہ حکام اور چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کام کرنے والے محنت کشوں سے تبادلہ خیال بھی کریں گے ۔ دورے کے دوران وزیراعظم نارتھ گوادر فری زون ، ایف زیڈ گوادر میں انٹرپرائز ز ، گوادرایکسپو بلڈنگ اور دیگر فیکٹریوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

وزیراعظم اس موقع پر تقریب سے خطاب اور مقامی لوگوں سے تبادلہ خیال بھی کریں گے ، ویڈیو لنک کے ذریعے توقع ہے کہ چینی سرمایہ کاروں اور کویت، اومان ، مصر ، کینیا اور قطر کے سفیروں کی جانب سے گوادر میں سرمایہ کاری کے اعلانات بھی متوقع ہیں۔