وزیراعظم عمران خان زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، پچھلے سال 5 فصلوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا،وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخرامام

175

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخرامام نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، گزشتہ دوسالوں کے مقابلے میں پچھلے سال 5 فصلوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ دیکھا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراطلاعات و نشریات چوہدر ی فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

سید فخر امام نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کی تاریخ 1960 سے 2000 تک دیکھی جائے تو اس میں 4 فیصد زرعی پیداوار کی گروتھ تھی جبکہ 2000 سے اب تک 3 فیصد گروتھ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے زراعت کے شعبہ کو خصوصی طور پر فوکس کیااور کافی حد تک کامیابی حاصل کی گئی ہے، اس ضمن میں دو سالوں میں خصوصاً پچھلے سال گندم کی فصل جو 37 فیصد رقبہ پر کاشت کی گئی تھی اس میں 2.2 ملین ٹن ایک سال قبل سے زیادہ پیداوار حاصل ہوئی تھی جس کو اگر آج کی قیمتوں کے مطابق درآمد کرتے تو نقصان ہوتا، اسی طرح سے کپاس کی اس سال 9 ملین گانٹھیں ہوئیں جو کہ پچھلے سال 7 ملین تھیں،اس سے 750 ملین ڈالر کافائدہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھان کی فصل کی ریکارڈ کاشت کی وجہ سے2.62 بلین ڈالر ایکسٹرا ایکسپورٹ سے حاصل ہوسکتے ہیں ، اسی طرح مکئی کی فصل پچھلے سال 8.9 ملین ٹن تھی جو اس سال 9 ملین ٹن تک پہنچی ہے ۔

گنے کی پیداوار 81 ملین ٹن تھی جو کہ اس سال89 ملین ٹن ہوئی ہے جس کی ایکسٹرا چینی اگر برآمد کی جاتی تو اس کی مالیت800 ملین ڈالر بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت کے شعبے کی بہتری کے لئے جو فریم ورک دیا ہے اس میں تمام شعبوں خصوصاً پنجاب نے اپنا حصہ ڈالا اور کاشتکاروں کی آمدن میں 399 ارب روپے تک اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جنرل تعلیم کے علاوہ زرعی تعلیم میں جدت لائی جائے گی، ہماری وزارت میں میکنائزیشن کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا، ہمیں دودھ کی پیداوار اور دودھ سے بنی ہوئی چیزوں کے پلانٹس لگانے پر توجہ دینی ہو گی اور جانوروں کو دی جانے والی خوراک کی کوالٹی کو بھی بہتر کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری لائیو سٹاک کے شعبے کی 60.7 جی ڈی پی ہے اور 63 ملین ٹن دودھ کی پیداوار ہے جس میں صرف 60 فیصد پراسس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ کی پیداوار کے پراسیس کو بڑھانے کی ضرورت ہے جس سے بہت بہتری آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مویشیوں کی افزائش نسل کو بڑھانے کے لئے بہت توجہ دے رہے ہیں اور اس میں بہتری سے مویشی پال بھائیوں کامعیار زندگی بلندہو گا،ہم ان تمام شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے جا رہے ہیں۔

سید فخر امام نے کہا کہ دنیا کی صف اول کی 10 صنعتیں ہائی ٹیکنالوجی پر منتقل ہوئی ہیں، ہمیں اس طرف جانا ہے، زراعت اور صنعت کے شعبے وزیراعظم کی خصوصی توجہ کامرکز ہیں، ہمیں اپنے بچوں اور نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف لے کر جانا ہے تاکہ سٹارٹ اپس کو بڑھایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تحقیق کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے علم و تحقیق کے میدان میں نوجوانوں کی رہنمائی کریں، ہمیں چائنہ کی طرز پر اپنی افرادی قوت ہنر مندبنانا اور فصلوں کی برداشت کے حوالے سے ہمیں جدیدمشینری بنانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ کے ساتھ مل کر زراعت کے شعبے میں جد ت لارہے ہیں،چینی سائنسدانوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ زراعت کے شعبے میں ہر قسم کا تعاون کرنے کوتیار ہیں۔