اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے 2006ءمیں میثاق جمہوریت میں سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ پر اتفاق کیا تھا، اب وزیراعظم عمران خان سینیٹ انتخابات کو شفاف بنا کر اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں، بعض سیاسی جماعتوں نے سینیٹ کی کمائی سے تین چار سال گزارنے ہوتے ہیں اسلئے وہ مخالفت کر رہی ہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے چھانگا مانگا سے سیاست میں خریدوفروخت کا سلسلہ شروع کیا، سب جانتے ہیں کہ ماضی میں خریدوفروخت ہوتی رہی ہے اور ہر جماعت کے لوگ بکتے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں اسلئے وہ سینیٹ انتخابات میں کرپشن کا خاتمہ کرنے کیلئے اوپن بیلٹ کی بات کر رہے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کا یہ کہنا کہ ماضی میں خریدوفروخت ہوتی رہی ہے اور آگے بھی یہ سلسلہ جاری رہنا چاہے، ان کا یہ فلسفہ سمجھ سے باہر ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران اپوزیش جماعتوں کے ارکان نے اپنے قائدین کی خواہش کے برعکس ووٹ کا استعمال کیا لیکن ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سینیٹ انتخابات کے دوران کرپشن میں ملوث اپنے 20 لوگوں کو فارغ کر دیا تھا کسی دوسری جماعت میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2018ءسینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت کی وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں، چوہدری محمد سرور نے ووٹ خریدنے کی تردید کی ہے، اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی جماعت میں ایسا کلچر متعارف کرایا ہے جہاں پر ہر کارکن کھل کر بات کر سکتا ہے، انہوں نے ارکان کے تحفظات پر سینیٹ امیدواروں کے ٹکٹوں میں تبدیلیاں کیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں ارکان قائدین کے سامنے بات کرنے کی جرات نہیں کر سکتے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو اندرونی اور بیرونی سیاست سے دور رکھنا چاہیے، قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے، ہمیں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں بھی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کو خوشیاں دیتے رہیں۔