اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم برائے سرمایہ کاری و خارجہ اقتصادی تعلقات سردور عمر زقوف نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں کوویڈ۔19 کی وبا، دوطرفہ تعاون، علاقائی رابطہ کاری اور علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے ازبکستان کے صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی وبا کے ختم ہونے پر ان کے دورے کا منتظر ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مختلف ریلوے منصوبوں کی تعمیر کے نتیجہ میں تجارت اور علاقائی رابطہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔ ازبک نائب وزیراعظم نے ازبکستان کے صدر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے ازبک صدر کی جانب سے وزیراعظم کو دورہ ازبکستان کی دعوت بھی دی اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور پورے خطہ کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الافغان مذاکرات جلد شروع ہوں گے جن کے نتیجہ میں مسئلہ کا سیاسی حل نکل سکے گا جو خطہ میں امن، استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے باہمی مفاد پر مبنی دوطرفہ و علاقائی تعاون کو مستحکم بنانے کے لئے پاکستان کی جانب سے ازبکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔