وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کی مسعود فاؤنڈیشن کے سربراہ احمد ولی مسعود کی ملاقات

84
وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کی مسعود فاؤنڈیشن کے سربراہ احمد ولی مسعود کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کی مسعود فاؤنڈیشن کے سربراہ احمد ولی مسعود کی ملاقات

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لئے تمام فریقین کو تشدد کے خاتمے ، جنگ بندی اور تنازعہ کے سیاسی حل کے لئے تعمیری انداز میں مل کر کام کرنا چاہئے،افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے،افغانستان میں امن کی واپسی سے علاقے اور دنیا پر اقتصادی ترقی ،علاقائی تجارت اور بہتر رابطے کے ذریعے دیر پا مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں افغانستان کی مسعود فاؤنڈیشن کے سربراہ احمد ولی مسعود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے احمد ولی مسعود کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور افغانستان برادرانہ تعلقات، مشتر کہ تاریخ، مذہب ،ثقافت اور روایات میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے افغان مزاحمت کے دوران ایک اہم مجاہد لیڈر کے طور پر مرحوم احمد شاہ مسعود کے تاریخی کردار کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے بعد پاکستان ،افغانستان میں امن کے قیام کا سب سے زیادہ خواہاں ہے کیونکہ اس تنازعہ کی وجہ سے وہ بہت متاثر ہوا ہے۔افغان امن عمل کے تناظر میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بین الافغان مذاکرات کے آغاز اور امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے میں سہولت کے لئے بھرپور تعاون کیا ہے ۔

بین الافغان مذاکرات ایک تاریخی موقع فراہم کرتے ہیں اور افغان قیادت کو ایک جامع ،وسیع البنیاداور با مقصد سیاسی حل کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ تشدد کے خاتمے ، جنگ بندی اور ایک پرامن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لئے سیاسی حل تک پہنچنے کے لئے تعمیری انداز میں مل کر کام کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن کی واپسی سے علاقے اور دنیا پر اقتصادی ترقی ،علاقائی تجارت اور بہتر رابطے کے ذریعے دیر پا مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔وزیر اعظم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے آزاد ویزا پالیسی متعارف کرانے اور دو طرفہ و راہداری تجارت میں سہولت بڑھانے سمیت مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ترقی اور انسانی وسیلے کی استعداد بڑھانے کے لئے پاکستان کی طرف سے امداد جاری رہے گی۔احمد ولی مسعود اور ان کے وفد کا دورہ دو طرفہ تعلقاتِ کو فروغ دینے کے لیے افغان رہنماوں سے رابطوں اور افغان امن عمل کے حوالے سے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی پاکستان کی پالیسی کا تسلسل ہے۔