وزیراعظم عمران خان سے امریکی خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کی ملاقات

64

نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے نیویارک میں ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن کے لئے پاک امریکہ مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکی سفیر زلمے خلیل زاد کی افغانستان کے پرامن سیاسی حل کے لئے کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ افغانستان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے لئے کوششیں اور تعاون جاری رکھے گا اور امید ہے افغان امن عمل جلد دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں حالیہ تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کا امن پاکستان کی حکومت کا وژن ہے۔ پرامن ہمسائیگی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔ تمام فریقین کو چاہیے کہ امن کے استحکام اور مفاہمت کے فروغ کے لئے مشترکہ ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے افغان امن اور مفاہمتی عمل کے لئے وزیراعظم عمران خان کے تعاون کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔